11 نومبر 2017 - 18:46
پاکستانی سعودی عرب سے والہانہ محبت کرتے ہیں:مولانا طاہر اشرفی/پاکستان کا استحکام پوری مسلم دنیا کا استحکام ہے:سعودی سفیر

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کا استحکام پوری مسلم دنیا کا استحکام ہے، پاکستان نے سی پیک معاہدے اور دیگر اہم منصوبے شروع کر رکھے ہیں جو کہ اس کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات پر سعودی عرب کو فخر ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا: بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام تشکیل پاکستان میں مسلم دنیا کا کردار، سعودی عرب ایک مثال کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ سیمنار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک منصوبہ اور سعودی عرب، وژن 2030ء کے باعث جلد اپنے اہداف حاصل کر کے اپنی اہمیت دگنی کر دیں گے، قیام پاکستان سے لے کر اب تک دونوں ممالک کے مابین مثالی تعاون وسیع ہو رہا ہے، اسلامی یونیورسٹی پاک سعودی تعلقات کی بہترین مثال ہے، مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر دہشت گردی سے چھٹکارے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بحث کرنا ہو گی۔سیمینار کے شرکاء سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، سینیٹر مشاہد حسین سید، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، اعجاز الحق، مولانا طاہر اشرفی، مسلم ملکوں کے سفراء، صدر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور جامعہ کے اسکالرز شامل تھے، جبکہ جامعہ کے نائب صدور اور ڈینز سمیت اساتذہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی سیمینار میں شریک تھی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کا استحکام پوری مسلم دنیا کا استحکام ہے، پاکستان نے سی پیک معاہدے اور دیگر اہم منصوبے شروع کر رکھے ہیں، جو کہ اس کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات پر سعودی عرب کو فخر ہے۔

مشاہد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب نے قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستانیوں کو مکمل تعاون فراہم کیا۔ اس موقع پر قبلہ ایاز نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات بہت گہرے ہیں اور اس مثالی دوستی کو پوری دنیا جانتی ہے۔ مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستانی سعودی عرب سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے اپنے خطاب میں بتایا کہ یونیورسٹی اسی موضوع پر ایک کانفرنس کا انعقاد کرنے والی ہے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان محبت کا ایسا رشتہ ہے، جو بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اس میں آج تک کمی واقع نہیں ہوئی۔ اس موقع پر ادارہ تحقیقات اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر ضیاء الحق اور اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے سربراہ ڈاکٹر احسن الامین نے بھی خطاب کیا اور اپنی تحقیق کی روشنی میں پاک سعودی تعلقات پر بحث کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/169